ممنون حسین نے کہاہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری علاقائی اور عالمی صورتحال کیلئے نئی تذویراتی سمت کا تعین کرے گا۔

آپریشن ضرب عضب اورردالفساد پاکستان کو امن کاگہوارہ بنائیں گے: صدر
21 جون 2017 (12:58)
0

صدرمملکت ممنون حسین نے اس اعتماد کااظہار کیاہے کہ پاکستان کوامن کاگہوارہ بنانے کے لئے آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے بہت جلد مثبت نتائج برآمد ہونگے۔وہ آج نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے 17 ویں کانووکیشن سے خطاب کررہے تھے۔صدرنے کہا کہ ملک کو در پیش مسائل میں دہشت گردی اور عسکریت پسندی کی وجہ سے کئی گنا اضافے ہوا ہے تاہم پاکستانی قوم اور ادارے اپنی بقاء کی جنگ میں فاتح بن کر ابھرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اورریاستی ادارے نیشنل ایکشن پلان پرگرمجوشی سے عملدرآمد کررہے ہیں اوردشمن کو بھرپور سبق دیا ہے۔ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن واستحکام کیلئے مثبت اورتعمیری کردارادا کرنے کیلئے معرض وجود میں آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان اہم مقاصد کے حصول کو عملی جامہ پہنانے میں رکاوٹیں موجود ہیں تاہم ملک نے ترقی کی ہے۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری کا حوالہ دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ یہ علاقائی اور عالمی صورتحال کیلئے ایک نئی تذویراتی سمت کا تعین کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ ایک نئی سٹرٹیجک حکمت عملی سامنے آئے گی اورامید ظاہر کی کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے ادارے ان نئی تبدیلیوں کا احاطہ کریں گے ۔