ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل نے یہ موقع شایان شان یادگار اور باوقار انداز سے منانے کے لئے جامع انتظامات کیے ہیں۔

21 جولائی 2017 (19:23)
0

پاکستان کے70ویں یوم آزادی اور ریڈیو پاکستان کے یوم تاسیس کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل نے یہ موقع شایان شان یادگار اور باوقار انداز سے منانے کے لئے جامع انتظامات کیے ہیں۔اس حوالے سے خصوصی پروموز تیار کیے گئے ہیں جن میں قیام پاکستان کے لئے بابائے قائداعظم محمد علی جناح کی جدوجہد، ان کی تقاریر سے اقتباسات ، تحریک آزادی اور اس میں پاکستانی کارکنوں کا کردار، قیام پاکستان کے بعد ہجرت کے وقت مسلمانوں کی طرف سے دی گئی عظیم قربانیوں اور نوزائیدہ مملکت کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا جائے گا۔
خبروں اور حالات حاضرہ کا چینل چودہ اگست کو اور اس سے قبل اور بعد میں بھی خصوصی مذاکروں، سیمینارز اور ورکشاپس کی کارروائیاں نشر کرے گا ان پروگراموں کے دوران معاشرے کی ممتاز شخصیات کی بات چیت اور ان کے انٹرویو نشر کیے جائیں گے۔
خبروں اور حالات حاضرہ کے پروگراموں میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ثقافت کی بھی عکاسی کی جائے گی اور ان علاقوں کے نغمے ، لوک کہانیاں اور آپ بیتیاں بھی ان نشریات کاحصہ ہوں گی۔خصوصی نشریات کے دوران اقتصادی ، سماجی، سیاسی اور ثقافتی محاذوں پر حکومت کی کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے سیکورٹی فورسز کی قربانیاں ان پروگراموں کی ایک اور امتیازی خصوصیت ہوگی۔
ریڈیو پاکستان کے سٹوڈیوز، گیلریز اور دیگر حصوں کو قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک آزادی کے مشاہیر کی خوبصورت تصاویر اور قومی پرچموں سے آراستہ کیا گیا ہے۔