وزیر اطلاعات نے کہا کہ ترقی اورخوشحالی کے حصول کیلئے کئی منصوبے شروع کئے ہیں۔

حکومت مارچ میں مردم شماری کرانے کیلئے کوشاں ہے:پرویز رشید
21 فروری 2016 (19:11)
0

وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ترقی اور خوشحالی کے ہدف کے حصول کیلئے کئی بڑے منصوبے شروع کیے ہیں۔
انہوں نے یہ بات اتوار کے روز ٹیکسلا میں اورنج فیسٹیول میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے اتنی بڑی تعداد میں ترقیاتی منصبوبے شروع کیے ہیں جن کی مثال گزشتہ پینسٹھ برس کے دوران نہیں ملتی۔
وزیر اطلاعات نے قومی احتساب بیورو سے متعلق وزیراعظم نوازشریف کے حالیہ بیان کے حوالے سے کہا کہ اس کا مقصد ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کرنا اور احتساب کے عمل میں بہتری لاناتھا۔
قطر کے مائع قدرتی گیس کی درآمد کے معاہدے کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ پاکستان پٹرول کی موجودہ قیمت سے تیرہ فیصد کم پر ایل این جی درآمد کررہا ہے اور ان نرخوں میں مزید کمی بھی ہوسکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ نکیال میں پیپلز پارٹی کے کارکن کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق وہ پولیس کی طرف سے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کے استعمال کے باعث دم گھٹنے سے ہلاک ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت مارچ میں مردم شماری کرانے کی کوششیں کررہی ہے۔
تاہم اس سلسلے میں صوبوں کو سیاسی تقسیم اور لسانی اور نسلی بنیاد پرمسائل کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری صوبوں کے اتفاق رائے اور مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کے مطابق کرائی جائے گی۔
انہوں نے اورنج فیسٹیول کے منتظمین کو مبارکباد دی۔
فیسٹیول میں مشرق وسطیٰ ' عالم اسلام اور یورپی ممالک کے سفارتکاروں اور انکے اہلخانہ نے بھی شرکت کی۔