طلال احمد چوہدری نےعینی شاہدین پر زور دیا کہ وہ رضاکارانہ طور پر مقدمات کا حصّہ بنیں تاکہ ملزموں کو سزا دی جاسکے۔

دہشتگردی کے خاتمے کے بارے میں سیاسی، فوجی قیادت کا موقف ایک ہی ہے:طلال چوہدری
21 دسمبر 2014 (15:32)
0

سائنس و ٹیکنالوجی کے پارلیمانی سیکرٹری طلال احمد چوہدری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے اور دہشتگردوں کا نیٹ ورک توڑنے کے بارے میں سیاسی اور فوجی قیادت کا موقف ایک ہی ہے۔


اتوار کے روز ریڈیو پاکستان کے حالات حاضرہ کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عالمی برادری کو واضح طور پر یقین دلایا ہے کہ پاکستان کی سر زمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔


انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام دوسرے ملکوں خصوصاً پڑوسی ممالک سے بھی کہا ہے کہ وہ دہشتگردوں کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ کرنے دیں۔  پروگرام میں حصّہ لیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء ظفر علی شاہ نے کہا کہ حکومت کے دہشتگردوں کو پھانسیاں دینے کے فیصلے سے دہشتگردی ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے عینی شاہدین پر زور دیا کہ وہ رضاکارانہ طور پر مقدمات کا حصّہ بنیں تاکہ ملزموں کو سزا دی جاسکے۔