وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔

تمام دہشتگرد تنظیموں کو نشانہ بنایا جائے گا:وزیراعظم
21 دسمبر 2014 (10:43)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ تمام دہشتگرد تنظیموں کو ان کے ایجنڈے اور وابستگی سے قطع نظر نشانہ بنایا جائے گا۔ اسلام آباد میں ایک چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے بہت مثبت نتائج نکلے ہیں۔


وزیراعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے اور ہماری آزمودہ اور سدا بہار دوستی کی ٹھوس بنیاد باہمی اعتماد، شاندار تعاون اور علاقائی اور عالمی مسائل پر سوچ میں یکسانیت پر مبنی ہے۔


انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کے درمیان اداروں کی سطح پر تبادلے دو طرفہ دوستی کو مزید فروغ دینے کیلئے بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیراعظم نے ستمبر میں چینی صدر Xi Jinping کا دورہء پاکستان ملتوی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ان کے استقبال کے منتظر ہیں۔


اس موقع پر چینی وفد کے رہنماء چین فینگ ژیانگ نے سانحہ پشاور کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور عوام کو اپنے ملک کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔