قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا اور دہشتگردوں کے حملے میں زخمی طلباء اور اساتذہ کی عیادت کی۔

پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے:ایاز صادق
21 دسمبر 2014 (15:18)
0

قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ عسکریت پسند، دہشتگردی کے خاتمے کے بارے میں ہمارے عزم کو شکست نہیں دے سکتے۔ اتوار کے روز پشاور میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے دہشتگردی کی وحشیانہ کارروائی کی سخت مذمت کی جس میں معصوم طلباء کو شہید کیا گیا۔


انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور پر ساری قوم غمزدہ ہے جو تاریخ میں ایک سیاہ ترین باب ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ آئندہ ایسا واقعہ پیش آئے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا اور دہشتگردوں کے حملے میں زخمی طلباء اور اساتذہ کی عیادت کی۔