مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں افراد کی احتجاجی ریلیاں،بھارت مخالف نعرے
21 اگست 2016 (19:31)
0

مقبوضہ کشمیر کے اضلاع پلوامہ، شوپیاں اور اسلام آباد میں اتوار کے روز ہزاروں افراد نے احتجاجی ریلیوں میں حصہ لیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مارچ کے شرکاء نے اس موقع پر بھارت کے خلاف نعرے لگائے اور پاکستانی پرچم لہرائے۔
مذہبی سکالرز، حریت رہنمائوں اور کارکنوں نے ان ریلیوں سے خطاب کیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر میں مختلف بھارت نوازسیاسی جماعتوں سے وابستہ 500 سے زائد پنچوں، سرپنچوں اور کار کنوں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیکر کشمیر میں جاری انتفادہ میں شریک ہونے کا اعلان کیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک نے ایک مشترکہ بیان میں تما م بھارت نواز سیاستدانوں، کارکنوں، ارکان اسمبلی ، پنچوں اور سرپنچوں سے استعفیٰ دیکر تحریک آزادی میں شامل ہونے کی اپیل کی تھی۔ رہنمائوں نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم پر بھی زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بے گناہ کشمیریوں کی زندگیاں بچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔
ادھر قابض حکام نے آج مسلسل 44ویں روز بھی مقبوضہ علاقے میں کرفیو اوردیگر پابندیاں جاری رکھیں۔
دریں اثناء فوج نے اپنی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی کے دوران ضلع کپوارہ کے علاقے ٹنگڈار میں آج تین نوجوانوں کو شہید کردیا۔ بھارتی فوج نے نوجوانوں کو ایک جھڑپ کے دوران شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔