وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلمان سعودی عرب میں مقامات مقدسہ کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔

پرویزرشید کا عصر حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد امت پر زور
21 اگست 2016 (17:53)
0

وزیراطلاعات پرویز رشید نے عصر حاضر کے چیلنجز سے کامیابی سے نمٹنے کیلئے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد پر زور دیا ہے۔

انہوں نے اتوار کی سہ پہر اسلام آباد میں '' اتحاد امت اور عظمت حرمین شریفین'' کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مسلمان کسی دوسرے مسلمان کے خلاف سازش نہیں کرسکتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام امن، ہم آہنگی اور رواداری کا درس دیتا ہے اور اس کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان سعودی عرب میں مقامات مقدسہ کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔
اس سے قبل مختلف مسلم ممالک کے علماء اور مذہبی دانشوروں نے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

مسجد اقصیٰ کے پیش امام ڈاکٹر عکرمہ سعید صابری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی عوام کو مسجد اقصیٰ اور فلسطینی عوام سے خصوصی لگائو ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کو اسرائیلی قبضے سے آزاد کرانے کیلئے تمام مسلمانوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔
جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ یقینی بنائے بغیر دنیا میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے اس امرپر افسو س ظاہر کیا کہ عالمی طاقتیں کشمیریوں اور فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کا ساتھ دینے میں تو ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتی ہیں مگر وہ مسلمانوں پر اسرائیلی وبھارتی مظالم پر ان کی مکمل پشت پناہی کررہی ہیں۔
اس موقع پر سعودی عرب کے مذہبی امور کے نائب وزیر ڈاکٹر عبدالرحمن ، سعودی سفیر عبداللہ مرزوق الزہرانی، بحرین کی مجلس شوریٰ کے رکن شیخ عادل، ترکی کے مفتی اعظم شیخ رحیمی یاران اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔