سینیٹ میں قائد ایوا ن نے کہاہے کہ ہمارے مخالفین کو مستقبل میں بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ مسلم لیگ ن ہر فورم سے سرخرو ہو کر نکلے گی۔

پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ وزیراعظم کے موقف کی عکاسی کرتا ہے: راجہ ظفرالحق
21 اپریل 2017 (14:19)
0

سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ وزیراعظم کے موقف کی عکاسی کرتا ہے ۔آج اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہمارے مخالفین کو مستقبل میں بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ پاکستان مسلم لیگ ن ہر فورم سے سرخرو ہو کر نکلے گی۔ راجہ ظفرالحق نے آج ایوان بالا میں کارروائی کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ کے حکم پر بنائی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو مسترد کر دیا ہے ۔

تاہم راجہ ظفرالحق نے کہا کہ ان کی جماعت سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرے گی اور ہر فیصلہ قانون کے مطابق کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں راجہ ظفرالحق نے کہا کہ حزب اختلاف کے پاس وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔
اس موقع پر باتیں کرتے ہوئے پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی سپریم کورٹ کے فیصلوں کو قبول نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے گزشتہ روز کے فیصلے سے ملک کے عوام کی امنگوں کی عکاسی ہوئی ہے ۔