Monday, 16 December 2019, 02:22:13 am
پاکستان اورامریکہ کا افغانستان میں قیام امن کیلئے مل کرکام جاری رکھنے پراتفاق
November 21, 2019

پاکستان اور امریکہ نے افغانستان میں قیام امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جمعرات کو ٹیلی فون پر گفتگو میں طے پایا۔دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا اور قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں مغربی ممالک کے یرغمالیوں کی رہائی ایک مثبت پیش رفت ہے جس پر پاکستان کو خوشی ہوئی ہے۔

صدر ٹرمپ نے اس سلسلے میں پاکستان کی کوششوں پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے پر امن اور مستحکم پاکستان کیلئے افغان امن مفاہمتی عمل کو جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی حالیہ صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ 80 لاکھ افراد 100دن سے بھی زیادہ محاصرے میں ہیں۔

عمران خان نے صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیش کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے کے پرامن حل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہئے۔

دونوں رہنماؤں نے واشنگٹن اور نیویارک میں اپنی ملاقات کے تناظر میں دو طرفہ تعاون کو توسیع دینے پر بھی اتفاق کیا۔