Monday, 16 December 2019, 02:41:32 pm
وزیراعظم آزاد کشمیر کی کنٹرول لائن پربلااشتعال بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت
July 21, 2019

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کنٹرول لائن پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے جس میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔کنٹرول لائن پر شہید ہونے والے حوالدار منظور عباسی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ملک اور قوم کی خاطر عظیم قربانیاں پیش کی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی فورسز سکول بسوں' ایمبولینسوں سمیت بچوں' خواتین اور بزرگ شہریوں کو بھی نشانہ بنارہی ہے۔راجہ فاروق حیدر نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے بھارت کو کنٹرول لائن پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے روکے۔انہوں نے کہا کہ اقوام عالم اور خصوصی طور پر یورپی ممالک اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔آزاد جموںو کشمیر کے وزیراعظم نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل روز کا معمول بن چکا ہے جبکہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے بچے اور خواتین بھی محفوظ نہیں ہیں۔