Thursday, 19 September 2019, 01:47:37 pm

مزید خبریں

 
کشمیری اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے پرعزم ہیں، صدر،وزیراعظم آزاد کشمیر
May 21, 2019

آزادجموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان اور وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کنٹرول لائن کے اس طرف رہنے والے کشمیری حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں مصروف اپنے بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے اور شہداء کا مشن مکمل کرینگے۔

میرواعظ مولوی محمد فاروق شہید اور خواجہ عبدالغنی لون شہید کے یوم شہادت کے موقع پر دونوں رہنماؤں نے تحریک آزادی کشمیر کے لئے ان کی بے مثال قربانیوں پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

سردار محمد مسعود خان اور راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف کے عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لئے دونوں ممتاز رہنماؤں کے نقش قدم کی پیروی کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ سے تسلیم شدہ اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لئے پرعزم ہیں۔

آزادجموں و کشمیر کے صدر اور وزیراعظم نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے آئیں اور پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق حل کرنے میں مدد کریں۔