Wednesday, 20 June 2018, 01:08:42 am
موڈیز کا پاکستان کی درجہ بندی ایک بار پھر بی تھری میں برقرار رکھنے کا فیصلہ
May 21, 2018

درجہ بندی کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے ادارے موڈیز نے پاکستان کی درجہ بندی ایک بار پھر بی تھری میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ادارے نے یہ فیصلہ اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کیا ہے ۔ یہ رپورٹ پاکستان کی شرح نمو کی کارکردگی اور صلاحیت نسبتاً ایک بڑی معیشت اور گزشتہ پانچ برس کے دوران حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے مسلسل اصلاحاتی پروگرام پر مبنی ہے۔

موڈیز کا کریڈٹ تجزیہ پاکستان کی طرف سے معاشی شعبے میں حاصل کی گئی نمایاں شفافیت کے علاوہ مہنگائی کی شرح کو کم رکھنے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کو اجاگر کیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مجموعی ملکی پیداوار میں اضافے کے لحاظ سے ان ممالک سے بہتر ہے جو درجہ بندی میں اس سے آگے تھے اور پاکستان کی مالی سال 2018ء کے دوران شرح نمو پانچ اعشاریہ آٹھ فیصد رہی جو 2017 میں بی درجے کے ممالک میں اوسط درجے کی تین اعشاریہ آٹھ فیصد تھی۔

اپنی رپورٹ میں موڈیز نے توقع ظاہر کی کہ سال کی پہلی ششماہی میں بڑے پیمانے پر محاصل کی وصولی سے مالی سال2018ء میں مالی خسارہ مجموعی ملکی پیداوار کا تقریباً پانچ اعشاریہ پانچ رہے گا جس میں گزشتہ سال 20 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک کی مستحکم صورتحال اس بات کی مظہر ہے کہ سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد سے معاشی استحکام مزید بہتر ہوگا ، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، پیداواری صلاحیت بڑے پیمانے پر بڑھے گی اور زرعی شعبہ ترقی کرے گا۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کو محاصل میں اضافے، سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری ، مسابقت میں بہتری، نجکاری اور قرضوں کی بروقت ادائیگی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔