Friday, 19 April 2024, 08:32:13 am
پاکستان سرمایہ کاری کیلئے اہم ملک کے طور پر دنیا کی توجہ کا محور ہے،صدر
January 21, 2020

صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے ایک اہم ملک کے طور پر دنیا کی توجہ کا محور ہے۔

آج اسلام آباد میں آ ل پاکستان چیمبرز کے صدور کےConclave 2020سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ عالمی رہنما پاکستان کو  اس کے تذویراتی جغرافیائی محل وقوع اور انسانی وسائل کی بدولت ایک ابھرتی طاقت تصور کررہے ہیں۔

 تاہم صدر نے غیر ملکی سرمایہ کاری کی مزید حوصلہ افزائی کےلئے مقامی سطح پر سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

عارف علوی نے کہا کہ ہمیں اپنی ہنر مند اورغیر ہنرمند افرادی قوت کو بیرون ملک بھیجنے کے بجائے روزگار کے مواقع فراہم کرکے ملک میں ہی ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا چاہیے۔

 صدر نے کہا کہ حکومت نے عوام کے تعاون سے تجارت اور حسابت جاریہ کے خسارے پر قابو پالیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پائے بغیر شرح منافع میں کمی نہیں لائی جاسکتی، انہوں نے کہا کہ وزیراعظمٗ اب مہنگائی کی روک تھام کے لئے باقاعدگی سے اجلاسوں کی صدارت کررہے ہیں۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق صدر نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم سیاسی مقاصد کےلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ ہمارے ایک  ہمسایہ ملک نے عالمی فورموں پر پاکستان کو ہمیشہ دیوار سے لگانے کی کوشش کی ہے۔

تاہم انہوں نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ امریکہ نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے تقاضوں کو پورا کرنے کےلئے پاکستان کی طرف سے کی جانےوالی پیشرفت کو سراہا ہے۔

صدر نےکہا کہ حکومت بے روزگاری اور مہنگائی سمیت تمام مسائل سے عہدہ برآہ ہونے کےلئے ملک میں تجارت سے متعلقہ سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک میں کاروبار سے متعلق سرگرمیاں بڑھانے کےلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کا کاروبار فروغ دینا ہوگا۔

صدر نے کہا کہ پاکستان میں وسیع تر مواقع ہیں تاہم ہمیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کےلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.