Saturday, 16 February 2019, 10:21:40 pm
قومی اسمبلی: ساہیوال پرواقعے پربحث ، ارکان کا ذمہ دار عناصر کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
January 21, 2019

قومی اسمبلی میں پیر کے روز دونوں اطراف کے ارکان نے ساہیوال کے المناک واقعے پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ساہیوال کے المناک واقعے پر اداس ہے انہوں نے کہا کہ واقعے پر پنجاب حکومت کے متضاد بیانات نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے انہوں نے حکومت سے اصل حقائق عوا م کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔

پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ قانون نافذکرنے والے اداروں کے ہاتھوں اس بے گناہ خاندان کا قتل ایک غیر انسانی فعل ہے انہوں نے ساہیوال واقعے پر ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔

مسلم لیگ نون کے خواجہ آصف نے کہا کہ ساہیوال واقعے سے لوگوں کے احساس عدم تحفظ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ایوان پر زور دیا کہ وہ ایسی کارروائیوں کے ذریعے معاشرے کی بے توقیری روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

انسانی حقوق کی وزیر ڈاکٹر شیریں ایم مزاری نے پولیس کی نوآبادیاتی ذہنیت کو تبدیل کرنے کیلئے پولیس کے محکمے کی تشکیل نو پر زور دیا۔

انہوں نے ارکان اسمبلی سے کہا کہ وہ مستقبل میں ایسے واقعات روکنے کیلئے ٹھوس تجاویز پیش کریں۔