مشیر خارجہ نے قومی اسمبلی کو بتایاکہ بزنس کونسل کے قیام سے بیلاروس سے سرمایہ کاری لانے میں مدد ملے گی۔

پاکستان ،بیلاروس نے متعدد معاہدوں، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے:سرتاج
20 نومبر 2015 (21:24)
0

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلاروس نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔
انہوں نے جمعہ کے روز قومی اسمبلی میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دونوں ملکوں نے ایک بزنس کونسل قائم کی ہے جس سے بیلاروس سے سرمایہ کاری لانے میں مدد ملے گی۔
سرتاج عزیز نے ایوان کو بتایا کہ منیٰ سانحے میں 188 پاکستانی حجاج کرام شہید ہوئے جبکہ صرف تین پاکستانی ابھی تک لاپتہ ہیں۔
ایک سوال پر وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو انتہائی پسندیدہ ملک کا درجہ نہیں دیا اور اس حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں' انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد اب تک بھارت کے ساتھ تجارت کے لئے کسی قسم کے مذاکرات نہیں کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں ایک لاکھ بیس ہزار نوجوانوں کو تربیت دینے کیلئے فنی تربیت کے پروگرام شروع کرے گی۔
وفاقی وزیرنے کہا کہ چاول کی شاندار فصل اور کم برآمدات کے باعث نجی شعبے کے پاس باسمتی چاول کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ حکومت چاول کی برآمد میں نجی شعبے کی مدد کی غرض سے طریقہ کار وضع کرنے کے لئے تمام متعلقہ افراد کے ساتھ رابطے میں ہے۔