بھارت کلبھوشن یادیو کی تخریبی سرگرمیوں کی پردہ پوشی کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا:سرتاج
20 مئی 2017 (19:08)
0

مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں کلبھوشن یادیو کی تخریبی سرگرمیوں کی پردہ پوشی کرنے کے اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔

انہوں نے ہفتہ کے روز اسلام آباد میں ایڈیٹرز اورسینئرز اینکرپرسنز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے مقدمے میں پاکستان کی پوزیشن میرٹ کی بنیاد پر مضبوط ہے۔
انہوں نے کہاکہ کلبھوشن یادیو کو پاکستان کے قانون اور آئین کے مطابق سزا سنائی گئی اور بھارتی جاسوس کے خلاف ہمارا موقف حقائق پرمبنی ہے ۔ 

مشیر خارجہ نے کہاکہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں جعلی پاسپورٹ استعمال کررہا تھا اور وہ ملک کو غیرمستحکم کرنے کیلئے کئی تخریبی کاررائیوں میں ملوث تھا ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں اس مقدمے کی جلد سماعت کی جائے اور ہم اپنا موقف پوری تیاری سے پیش کریں گے ۔