وزیر داخلہ نے کہاہے کہ بعض عناصر ہمارے دشمنوں کے آلہ کار ہیں اور ملک میں انتشار اور گڑ بڑ پھیلانے کے لئے ان سے فنڈز وصول کر رہے ہیں۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا:چوہدری نثار
20 مئی 2017 (12:52)
0

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملک کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔آج وارسک میں ایف سی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی صفوں میں اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔وزیر داخلہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بعض عناصر ہمارے دشمنوں کے آلہ کار ہیں اور ملک میں انتشار اور گڑ بڑ پھیلانے کے لئے ان سے فنڈز وصول کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان مٹھی بھر عناصر نے اپنی مذموم کارروائیوں کے ذریعے اسلام کے تشخص کو نقصان پہنچایا تاہم ہم پوری قوت سے انہیں ختم کر دیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے سیکورٹی فورسز کی صلاحیتیں بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال سے زائد عرصے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے 80 ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں نئے ونگز کے قیام کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔