یہ اعلان وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے اسلام آباد میں قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کیا

file photo

 آئندہ مالی سال سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کیلئے ریکارڈ25کھرب روپے کی منظوری
20 مئی 2017 (06:30)
0

منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کیلئے ریکارڈ25کھرب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
یہ اعلان وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے اسلام آباد میں قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں وفاق کے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کیلئے ایک ہزار ایک ارب روپے اور صوبوں کے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کیلئے ایک ہزار ایک سوبارہ ارب روپے شامل ہیں جبکہ مختلف کارپوریشن اپنے ترقیاتی منصوبوں پر چار سو ارب روپے خرچ کریں گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر 411ارب روپے ، ریلوے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر 43ارب، توانائی کے منصوبوں پر 404ارب جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں پر180ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے کونسل کے اجلاس کے دوران آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کو مذید فنڈز فراہم کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں سماجی شعبے کو اہمیت دی جارہی ہے اور اس کیلئے مختص فنڈز کو نوے ارب سے بڑھا کر 153ارب روپے کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے اعلی تعلیمی کمیشن کے بجٹ کو21ارب سے بڑھا کر 35ارب روپے کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پانی کے مختلف منصوبوں اور موصلاتی نظام بہتر بنانے کیلئے خاص طور پر 17ارب روپے کی منظوری دی گئی۔