وزیر پانی و بجلی نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اوربھارت کے مستقل سندھ طاس کمشنروں کے درمیان اجلاس کے نتیجے میں معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔

 رتلے بجلی گھر پر پاکستان بھارت مذاکرات آئندہ ماہ واشنگٹن میں ہونگے، آصف
20 مارچ 2017 (15:33)
0

پانی و بجلی کے وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ رتلے  پن بجلی گھر کے بارے میں پاکستان اوربھارت کے درمیان سیکرٹریوں کی سطح کے مذاکرات اگلے ماہ کی بارہ تاریخ کو واشنگٹن میں ہوںگے ۔وہ آج اسلام آباد میں پاکستان اوربھارت کے مستقل سندھ طاس کمیشن کے دو روزہ اجلاس کے موقع پر نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

خواجہ آصف نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اوربھارت کے مستقل سندھ طاس کمشنروں کے درمیان اجلاس کے نتیجے میں معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہاکہ دو روزہ اجلاس میں دریائے سندھ سے متعلقہ تصفیہ طلب مسائل زیر غورآئیںگے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ اجلاس میں Pakal Dul ، لوئر کلنائی اورMiyar پن بجلی کے منصوبوں کے ڈیزائن سے متعلق امور اوربھارت کی طرف سے سیلاب کے پانی کے اعدادوشمار کی فراہمی کے حوالے سے بھی غور کیاجائے گا۔
انہوںنے کہا کہ سندھ طاس معاہدے سے متعلق مذاکرات 2015 میں معطل ہوگئے تھے اور اب تقریباً دو سال کے وقفے کے بعد ہورہے ہیں۔
خواجہ آصف نے اس موقف کا اعادہ کیا کہ سندھ طاس معاہدہ عالمی نوعیت کا معاہدہ ہے جو پاکستان اوربھارت کے درمیان آبی تنازعات کا پرامن حل فراہم کرتاہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کی طرف سے انڈس واٹر کمشنروں کی سطح کی بات چیت کیلئے آمادگی کا خیر مقدم کیاہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ پاکستان کشن گنگا کے بارے میں ثالثی عدالت کے فیصلے پرعملدرآمد کے لئے کوششیں کررہاہے۔