نوازشریف نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی، ثقافتی، اقتصادی اورتاریخی تعلقات کے تناظر میں سرحد کی بندش دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں ہے۔

وزیراعظم کا پاک افغان سرحد فوری طور پر دوبارہ کھولنے کا حکم
20 مارچ 2017 (15:24)
0

وزیراعظم نوازشریف نے پاک افغان سرحد فوری طور پر دوبارہ کھولنے کا حکم دیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ جذبہ خیر سگالی کے تحت کیا جارہاہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی، ثقافتی، اقتصادی اورتاریخی تعلقات کے تناظر میں سرحد کی بندش دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں افغانستان میں موجود پاکستان مخالف عناصرملوث ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغان حکومت ان وجوہات کے خاتمے کے لئے اقدامات کرے جن کے باعث سرحد بند کی گئی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے وقتاً فوقتاً اس موقف کااعادہ کیا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن پاکستان میں امن و استحکام کے لئے ناگزیرہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ملکوں سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے افغانستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔