تدریسی عملے کی کمی پوری کرنے کیلئے 13ہزار اساتذہ،15سو لیکچرارز بھرتی کئے جائیں گے،وزیرتعلیم

قانون ساز اسمبلی میں بجٹ تجاویز پر بحث جاری
20 جون 2017 (20:55)
0

آزادجموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے مظفرآباد میں آج مسلسل چوتھے روز مالی سال دو ہزار سترہ اٹھارہ کی بجٹ تجاویز پر عام بحث جاری رکھی۔
بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ ریاست بھرمیں تعلیمی اداروں میں عملے کی کمی پوری کرنے کیلئے سکولوں میں تیرہ ہزار اساتذہ اور کالجوں میں پندرہ سو لیکچررز بھرتی کئے جائیں گے۔
انہوں نے ایوان کو بتایا کہ اساتذہ کی تربیت کیلئے ترک حکومت سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے ۔ برٹش کونسل کے اشتراک سے چھ ہزار اساتذہ کو پہلے ہی تربیت دی جا چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق بچوں کی رہنمائی کیلئے سکولوں میں قرآن وسنت کی بنیادی تعلیمات پر مشتمل ایک نیا مضمون متعارف کرایا جائے گا۔
ڈاکٹر مصطفی بشیر ، وقار احمد نور ، سردار فاروق احمد طاہر ، چوہدری محمد اسحق اور نورین عارف سمیت حکومتی ارکان نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے بجٹ کو متوازن اور روزگار کے مواقع پر مبنی قرار دیا۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جانب سے آزادکشمیر کی ترقی میں ذاتی دلچسپی لینے اور اس کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ایوان کا اجلاس اب کل دس بجے پھر ہو گا۔