20 جون 2017 (08:49)
0

آئی سی سی چیمپنز ٹرافی جیتنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے چار کھلاڑی آج صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پہنچ گئے ۔ان کھلاڑیوں میں حسن علی، بابر اعظم، فہیم اشرف اور محمد شہزاد شامل تھے صوبائی وزراء بڑی تعداد میں کرکٹ شائقین اور کھلاڑیوں کے متوالوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
پنجاب کے وزرا میاں مجتبی شجاع الرحمن، رضا علی گیلانی، جہانگیر خانزادہ رانا مشہود احمد خان نے ہوائی اڈے پر فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے اور ہوائی اڈے پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے کھلاڑیوں کوسلامی پیش کی ۔

ادھر ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور رومان رئیس آج صبح کراچی کے ہوائی اڈے پہنچے۔
گورنر سندھ محمد زبیر اور کراچی کے میئر وسیم اختر نے بڑی تعداد میں کرکٹ کے شائقین کے ہمراہ انکا پرتپاک استقبال کیا۔سرفراز احمد کو گلدستہ ، سندھی اجرک اور ٹوپی پیش کی گئی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ چمپنز ٹرافی پوری قوم کیلئے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے باعث ملک میں کرکٹ کے بہترین کھلاڑی ابھر کر سامنے آئے ہیں۔محمد زبیر نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان میں پی ایس ایل کے انعقاد کیلئے ہر مکمن کوشش کی جائے گی۔

اسلام آباد ائرپورٹ پر کرکٹ شائقین کی ایک بڑی تعداد نے انگلینڈ میں آئی سی سی چمپئن ٹرافی جیتنے کے بعد وطن واپسی پر قومی کرکٹ ٹیم کے ارکان کا پرجوش استقبال کیا ہے۔
عماد وسیم اورشاداب خان سمیت چار کھلاڑی آج صبح اسلام آباد ائرپورٹ پہنچے جہاں میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیز سمیت شائقین کی ایک بڑی تعداد قومی ٹیم کے استقبال کیلئے موجود تھی۔