وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو5سال کیلئےعوام کی خدمت کا مینڈیٹ دیا گیا ہے جس سے قوم کی قسمت بدلے گی۔

ملک میں ہر قیمت پر قیام امن کا تہیہ کر رکھا ہے:نوازشریف
20 جون 2014 (18:52)
0

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں ہر قیمت پر امن کے قیام کا تہیہ کر رکھا ہے۔
وہ جمعہ کے روز اسلام آباد میں قومی لیپ ٹاپ سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
بعض سیاسی جماعتوں کی طرف سے شروع کی گئی احتجاجی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کو 5سال کیلئے عوام کی خدمت کا مینڈیٹ دیا گیا ہے جس سے قوم کی قسمت بدلے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے دی گئی تو وہ دہشت گردی \' بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے مسائل پر قابو پالے گی۔
محمد نوازشریف نے کہا کہ بعض مسترد عناصر نظام کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں تاہم قوم نے ان کے احتجاج کو نظر انداز کر دیا ہے اور مسلم لیگ نون کی حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جو میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ کچھ ٹی وی چینل نظام کو پٹڑی سے اتارنے اور اس کی غلط منظرکشی کی کوشش کر رہے ہیں جس سے ان کے مذموم مقاصد ظاہر ہوتے ہیں۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ ان کی پوری ٹیم میرٹ اور شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے وزیر اعظم کی نوجوانوں کیلئے سکیموں پر عملدرآمد کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت طلباء کی فلاح و بہبود کو ترجیح دے رہی ہے اور ان کے لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پانچ سالہ دورمیں سکیمیں جاری رکھی جائیں گی۔
بعد میں وزیر اعظم نے ذہین طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔
لیپ ٹاپ وصول کرنے کیلئے کنونشن سنٹر میں تقریباً ایک ہزار سات سو چالیس طلباء موجود تھے۔
وزیراعظم نے تمام صوبوں\' فاٹا \' آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبائمیں بھی لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔