بے گھرافرادکیلئے 2000سے زیادہ خیمے ایف ڈی ایم اے کے حوالے

شمالی وزیرستان :نقل مکانی کرنےوالوں کی انتظامی امدادکیلئےمتعددچوکیاں قائم
20 جون 2014 (09:45)
0

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہاہے کہ میرانشاہ اور غلام خان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کو انتظامی امداد فراہم کرنے کیلئے متعدد مقامات پر چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔سیکیورٹی فورسز انہیں غذائی اشیاء اور طبی سہولیات فراہم کررہی ہیں۔


ادھر سید گئی چوکی پر لوگوں کے بہتر اور منظم انخلاء کیلئے رجسٹریشن پوائنٹ کی تعداد بڑھا کر 20کر دی گئی ہے جن میں 10 پوائنٹس مردوں اور 10خواتین کیلئے ہیں ۔بنوں میں بھی بے گھر ہونے والے افراد کیلئے ایک کیمپ قائم کیاگیا ہے ۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نے بے گھر ہونے والے افراد میں تقسیم کیلئے دو ہزار سے زیادہ خیمے فاٹا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے حوالے کردئیے ہیں۔این ڈی ایم اے کے عہدیداروں نے اسلام آباد میں بتایا کہ بے گھر ہونے والے افراد کو امدادی کیمپوں میں لانے کیلئے بھی ٹرانسپورٹ کا انتظام کر دیا گیا ہے۔

 

انہیں آئندہ ماہ مقدس میں رمضان پیکج بھی فراہم کیا جائے گا۔ادھر وفاقی حکومت نے بے گھر ہونے والے افراد کی آباد کاری کیلئے خیبر پختونخوا کی حکومت کو پچاس کروڑ روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔


قدرتی آفات سے نمٹنے کاقومی ادارہ بھی اس مقصد کیلئے دس کروڑ روپے فراہم کرے گا۔