وزیر اطلاعات نے کہا کہ بہادر مسلح افواج دشمنوں کو شکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

تمام سیاسی جماعتیں شمالی وزیرستان آپریشن کی کامیابی کیلئےمسلح افواج کاساتھ دیں:پرویزرشید
20 جون 2014 (09:41)
0

وزیر اطلاعات پرویز رشید نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائی کی کامیابی کیلئے مسلح افواج کا ساتھ دیں۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی حقیقت میںملکی سلامتی کی جنگ ہے۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو گلی محلے کی سیاست میں نہیںپڑنا چاہیے کیونکہ ایسے اقدامات سے دہشت گردوں کو تزویراتی حمایت حاصل ہوتی ہے۔پرویز رشید نے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج مادر وطن کے دفاع اور دشمنوں کو شکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اسلام آباد میں ایک اجلاس میں قبائلی علاقوں میں جاری کارروائی کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد کو ہر ممکنہ امداد فراہم کرنے کے انتظامات کا جائزہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستوں اور سرحدی علاقوں کے وزیر عبدالقادر بلوچ کو متاثرین کے معاملات کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ بے گھر ہونے والوں کو وقتی طور پرکچھ نقد رقم دی جائے گی اور بعد میں یہ سمارٹ کارڈز کے ذریعے ماہانہ بنیادوں پرفراہم کی جائے گی۔