انتفادہ کے دوران شہید ہونیوالے کشمیریوں کی تعداد بڑھ کر 49ہو گئی ۔

مقبوضہ کشمیر میں مسلسل بارہویں روز بھی سخت کرفیو
20 جولائی 2016 (20:37)
0

مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوں کو یوم سیاہ کے موقع پر بھارت مخالف مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے بدھ کومسلسل بارہویں روز بھی سخت کرفیو اور پابندیاں جاری رکھیں اورحریت رہنمائوں کو گھروں یا تھانوںمیں نظربند رکھا ۔

وادی میں کرفیو کی وجہ سے خوراک اور ادویات سمیت اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے۔
وادی میں آج مسلسل پانچویں روز بھی کوئی اخبار شائع نہیں ہوا او رمسلسل نویں دن موبائیل فون کی انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں۔
آج سرینگر کے ہسپتال میں ایک اور نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جس سے جاری انتفادہ کے دوران شہید ہونیوالے کشمیریوں کی تعداد بڑھ کر 49ہو گئی ہے ۔
مقبوضہ علاقے میں قتل عام کے خلاف اپنا احتجاج درج کرانے کے لیے جموں کے بھدرواہ قصبے کے رہائشیوں نے مکمل ہڑتال کی۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف برطانیہ کے شہرواٹفورڈ میں کشمیریوں اور ان کے حامیوں نے ایک مظاہرہ کیاجبکہ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں اور کارکنوں نے برسلز میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔
مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرف توجہ دے اورکشمیریوں کوبھارتی مظالم سے بچانے کے لیے تنازعہ کشمیرکے پرامن تصفیئے میں اپنا کردارادا کرے۔