نواز شریف نے بھارت پر زو ر دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ اور کشمیری قیادت کے سامنے کئے گئے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دے۔

بھارت طاقت سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا:وزیراعظم
20 جولائی 2016 (11:43)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت طاقت سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا اور اس کے پاس کشمیری عوام کی منشاء کے سامنے جھکنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کے خلاف آج یوم سیاہ کے موقع پر ایک پیغام میںانہوں نے بھارت پر زو ر دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ اور کشمیری قیادت کے سامنے کئے گئے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دے۔
وزیراعظم نے کہاکہ بھارت نے اپنی غاصبانہ سوچ کی وجہ سے کشمیریوں کی تین نسلوں کو تباہ کیا اور یہ وقت ہے کہ بھارت فیصلہ کرے کہ وہ کشمیریوں کی خونریزی کا سلسلہ بند کرے گا اور انہیںحق خودارادیت دے ۔انہوں نے کہا کہ کسی ملک کوسیاسی مفادات اور ریاستی حکمت عملی کے نام پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کو بھارت کا داخلی معاملہ نہیں کہا جاسکتا کیونکہ اقوام متحدہ اسے متنازعہ علاقہ قرار دے چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف خاموش نہیں رہ سکتا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے اور سفارتی ، سیاسی اور انسانی حقوق کے محاذ پر ان کا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑتا رہے گا۔