وفاقی وزیر نے کہاکہ زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت تئیس ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں

پاکستان نے گزشتہ تین سال میں معیشت کے شعبے میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے: اسحق ڈار
20 جولائی 2016 (10:39)
0

وزیرخزانہ اسحق ڈارنے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ تین سال میں معیشت کے شعبے میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے ۔وہ اسلام آباد میں عالمی بنک کی ملٹی لیٹرل انوسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیکوہنڈا کی سربراہی میں ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت تئیس ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں جبکہ تین ہزار ایک سو بارہ ارب روپے کے محاصل کی وصولی میں بھی گزشتہ تین سال کے مقابلے میں ساٹھ فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ بجٹ میں برآمدات ، زراعت اور صنعتوں کے شعبے کی ترقی کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں ۔

دریں اثناء وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں فرانسیسی سفارتخانے کا دورہ کیا اور سفیر مارٹن ڈورینس سے ملاقات کی ۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے نیس میں ایک دہشتگرد حملے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر تعزیت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ا س دکھ میں فرانسیسی عوام کے ساتھ ہیں۔