مشیر خارجہ نے کہاہے کہ بعض امریکی ارکان کانگریس کی طرف سے پاکستان کے بارے میں ظاہر کی گئی رائے امریکی پالیسی کی عکاسی نہیں کرتی۔

قومی مفادات کا تحفظ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی عنصر ہے: سرتاج عزیز
20 جولائی 2016 (10:21)
0

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ قومی مفادات کا تحفظ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی عنصر ہے۔انہوں نے سینیٹ میں ایک پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ بعض امریکی ارکان کانگریس کی طرف سے پاکستان کے بارے میں ظاہر کی گئی رائے امریکی پالیسی کی عکاسی نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ غیر ملکی امداد باہمی تعلقات میں سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تعلقات امداد سے تجارت کی جانب منتقل کررہے ہیں۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کی امداد پر کٹوتی لگانے کی ایک ترمیم امریکی کانگریس میں منظور نہیں ہوسکی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امداد کے بجائے صرف تجارت پر توجہ دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ نے کھلے عام اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں کے خاتمے کیلئے نتیجہ خیز پیشرفت کی ہے اور پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ ہم باہمی تعلقات کے استحکام اور پاکستان مخالف لابی کو ناکام بنانے کیلئے امریکہ کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔