مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر ایک پیغام میں نوازشریف نے کہا ہے کہ سیاسی مفادات اور ریاستی حکمت عملی کے نام پر کسی ملک کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

بھارت عالمی برادری سے کئے گئے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دے :وزیراعظم
20 جولائی 2016 (09:31)
0

وزیراعظم نواز شریف نے بھارت پر زو ر دیا ہے کہ عالمی برادری سے کئے گئے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے۔آج مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ سیاسی مفادات اور ریاستی حکمت عملی کے نام پر کسی ملک کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کو بھارت کا داخلی معاملہ نہیں کہا جاسکتا کیونکہ اقوام متحدہ اسے متنازعہ علاقہ قرار دے چکا ہے اور خود بھارت نے یہ وعدہ کیا تھا کہ کشمیری عوام کی خواہش جاننے کیلئے استصواب رائے کرایا جائے گا۔
میاں نواز شریف نے کہا کہ اگر دوسرے ملکوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اور دوسرے فورمز میں اٹھایا جاسکتا ہے تو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا معاملہ کیوں نہیں اٹھایا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف خاموش نہیں رہ سکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور سفارتی ، سیاسی اور انسانی حقوق کے محاذ پر ان کا مقدمہ لڑتا رہے گا۔