تمام وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے عہدیداران نے ڈیوٹی کے دوران اپنے بازئووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر کشمیریوں کی سیاسی اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اظہار کیا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت آج یوم سیاہ منایا جارہا ہے
20 جولائی 2016 (13:25)
0

کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج کیلئے آج پاکستان بھر میں یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔
پاکستان اور آزاد کشمیر میں ریلیاں اور تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں تاکہ عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب دلائی جاسکے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی یوم سیاہ منایا جارہا ہے ۔تمام وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے عہدیداران نے ڈیوٹی کے دوران اپنے بازئووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر کشمیریوں کی سیاسی اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اظہار کیا۔نماز ظہر کے بعد شہدائے کشمیر کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں  ۔

ادھروزیر اطلاعات پرویزرشید نے بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں خصوصاً خواتین اور بچوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ اور غیر قانونی استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔اسلام آباد میں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی اپنے حق خودارادیت کیلئے آواز کو دھمکی اور ظلم وجبر کے ذریعے خاموش نہیں کیا جاسکتا۔وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستانی عوام آج یوم سیاہ منا رہے ہیں جس کا مقصد قابض فورسز کے ہاتھوں مشکلات کا شکار کشمیری عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔