پہلا ریفرنس میزبان ٹریڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو جبکہ دوسرا ریفرنس الواسع گروپ کے چیف ایگزیکٹو اور ان کے شریک جرم کیخلاف دائر کیا جائیگا

مضاربہ سکینڈل: نیب کی 13ملزمان کیخلاف ریفرنس دائر کرنیکی منظوری
20 جولائی 2014 (19:59)
0

قومی احتساب بیورو نے اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے اور بدعنوانی پر تیرہ ملزمان کے خلاف اربوں روپے کے مضاربہ سکینڈل میں مزید دو ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی ہے ۔
اتوار کے روز راولپنڈی میں ادارے کے ایک اجلاس میں ان ریفرنسز کی منظوری دی گئی ۔
پہلا ریفرنس میزبان ٹریڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو غلام رسول ایوبی اور اس کے شریک جرم تین ساتھیوں کے خلاف دائر کرنے کی منظوری دی گئی ۔نیب کو عام لوگوں کی اٹھائیس سو سے زائد شکایات موصول ہوئیں کہ ملزمان نے میزبان سٹوروں میں اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر دو ارب پچانوے کروڑ روپے کا غبن کیا ہے اور تیس سے پچاس فیصد پرکشش منافع کا وعدہ کیا ۔ بعد میں اُنہوں نے منافع اور اصل رقم کی ادائیگی سے انکار کردیا۔
دوسرے ریفرنس کی منظوری الواسع گروپ کے چیف ایگزیکٹیو شبیر احمد سمیت نو افراد کے خلاف دی گئی جنہوں نے اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر عام لوگوں کو انچاس کروڑ روپے سے محروم کردیا۔
ملزم شبیر احمد ٹیکسلا میں ماڈل ٹائون کی جامع مسجد البدر میں خطیب تھا۔