وزیراعلیٰ سندھ نے ماورائے عدالت ہلاکتوں کے تاثر کو مسترد کردیا اور کہا کہ سندھ پولیس اور رینجرز ارادتاً کسی بے گناہ کو ہلاک یا گرفتار نہیں کرسکتے۔

کراچی میں ٹارگٹ آپریشن کے دوران ہر شہری کا خیال رکھا جائے گا:قائم
20 جولائی 2014 (09:43)
0

وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ آپریشن کے دوران ہر شہری کے انسانی حقوق کاکسی بھی قیمت پر خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات کراچی میں انسانی حقوق کمیشن کے وفد سے ملاقات میں کہی۔


سید قائم علی شاہ نے کہا کہ جان ومال کے تحفظ ، سماجی واقتصادی اور مذہبی روایات اور سرگرمیوں کے ساتھ پرامن ماحول لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق ہیں اور حکومت کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں یہ حقوق فراہم کرے اور ان کا خیال رکھے۔


سندھ پولیس اور رینجرز کے مبینہ مظالم سے متعلق انسانی حقوق کمیشن کے تحفظات کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں اور ہمیں لوگوں اور پولیس کے ساتھ لڑنے والے خطرناک اور جدید ہتھیاروں سے لیس دہشتگردوں کا سامنا ہے۔


انہوں نے ماورائے عدالت ہلاکتوں کے تاثر کو مسترد کردیا اور کہا کہ سندھ پولیس اور رینجرز ارادتاً کسی بے گناہ کو ہلاک یا گرفتار نہیں کرسکتے۔