قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے ترک صدر سے انقرہ میں ملاقات کی۔

ترکی،پاکستان کے درمیان مثالی تعلقات ہیں:اردوان
20 جنوری 2015 (22:05)
0

ترکی کے صدر رجب طیّب اردوان نے پاکستان کو مزید مضبوط ملک بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔  وہ قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق سے باتیں کررہے تھے جنہوں نے منگل کے روز انقرہ میں ان سے ملاقات کی۔  انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان بہت جلد موجودہ مسائل پر قابو پالے گا۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کی طرف سے اقتصادی شعبے میں کیے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں جو دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے میں مدد دیں گے۔ ترک صدر نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان مثالی تعلقات ہیں جن میں حکومتوں کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خصوصی تعلقات کو پارلیمانی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں اور عوام سے عوام کے رابطوں کے ذریعے مضبوط کیا جانا چاہیے۔