وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ریپڈرسپانس فورس کا پہلا دستہ تربیت مکمل کرچکا ہے جبکہ چار سو سینتالیس اہلکاروں پر مشتمل نئے دستے کی جلد تربیت شروع کی جائے گی ۔

 رینجرز اور ایف سی کی استعداد کار بڑھانے پر 70 ارب روپے خرچ کئے گئے: نثار
20 دسمبر 2016 (15:18)
0

وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران رینجرز اور فرنٹیر کور کی استعداد کار بڑھانے پر 70 ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں ۔آج اسلا م آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاک فوج سے داخلی سلامتی کی ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے دو نیم فوجی فورسز تیار کی گئی ہیں ۔
انہوںنے کہاکہ بری فوج کے سابق سربراہ نے آپریشن ضرب عضب شروع کرنے کے باوجود تقریباً چونتیس ہزار فوجی اہلکار داخلی سلامتی کی ذمہ داریوں کیلئے وقف کررکھے تھے جن میں سے زیادہ تر کو اب واپس بھیج دیا گیا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا ریپڈرسپانس فورس کا پہلا دستہ تربیت مکمل کرچکا ہے جبکہ چار سو سینتالیس اہلکاروں پر مشتمل نئے دستے کی جلد تربیت شروع کی جائے گی ۔
اس سے پہلے ریپڈ رسپانس فورس کے پہلے دستے اور اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبلان کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ مشکلات کے باوجود موجودہ حکومت نے دہشت گردی کے خلاف عملی اقدامات کئے ہیں ۔
وزیرداخلہ نے ملک اور عوام کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی فورسز کی بے لوث خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ وہ اس حوالے سے بھرپور خراج تحسین کی مستحق ہیں ۔
انہوںنے نئے بھرتی ہونے والے پولیس اہلکاروں پر زوردیا کہ وہ ایک منظم فورس کی حیثیت سے اپنا وقار برقرار رکھیں۔