وزیر مملکت نے کہا کہ عدالتیں خواہشات پر نہیں مضبوط شواہد کی بنیاد پر فیصلے دیتی ہیں۔

عوام نے عمران خان کی منفی سیاست مسترد کر دی،عابد شیر علی
20 اپریل 2017 (18:23)
0

پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی منفی سیاست مسترد کر دی ہے۔
جمعرات کے روز اسلام آباد میں عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے اور ملک کی عدالتوں نے ہمیشہ خواہشات پر نہیں مضبوط شواہد کی بنیاد پر فیصلے دئیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے مگر عمران خان کو یہ ہضم کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
عابد شیر علی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پاس وزیراعظم کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کے مخالف بعض عناصر ملک کی تیزرفتار ترقی کہ وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور وہ ترقی کے عمل کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم وہ اپنے مکروہ عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔