وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عدالت نے فیصلے نے معاملے کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی کمیشن کے قیام کے حوالے سے وزیراعظم کے موقف کی تائید کی ہے۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ جمہوریت اور پاکستان کے عوام کی فتح ہے:رہنما مسلم لیگ (ن)
20 اپریل 2017 (14:56)
0

 وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نےسپریم کورٹ کی جانب سے پانامہ پیپرز کیس کافیصلہ سنائے جانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ عدالت نے فیصلے نے معاملے کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی کمیشن کے قیام کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کے موقف کی تائید کی ہے ۔
منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے کہا کہ یہ فیصلہ جمہوریت اور پاکستان کے عوام کی فتح ہے ۔
ریلوے کے وزیر سعد رفیق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے مکمل تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ نواز شریف ، ان کی ٹیم اور پاکستان کے جمہوریت پسند عوام کی فتح ہے ۔

پانی وبجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی منفی سیاست مسترد کر دی ہے ۔
عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے اور ملک کی عدالتوں نے ہمیشہ خواہشات پر نہیں مضبوط شواہد کی بنیاد پر فیصلے دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے مگر عمران خان کو یہ ہضم کرنا مشکل ہو رہا ہے ۔عابد شیر علی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پاس وزیراعظم کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کے مخالف بعض عناصر ملک کی تیزرفتار ترقی کہ وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور وہ ترقی کے عمل کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم وہ اپنے مکروہ عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر مملکت انوشہ رحمن نے ریڈیو پاکستان کی نمائندہ صوفیہ صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے مسلم لیگ نون کے موقف کی تائید کر دی ہے ۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب حزب اختلاف کی جماعتیں جے آئی ٹی کے فیصلے کو قبول کریں گی۔
کیڈ کی پارلیمانی سیکرٹری مائزہ حمید نے ریڈیو پاکستان کو بتایا کہ مقدمے کا فیصلہ وزیراعظم کی کامیابی ہے ۔

مسلم لیگ نون کے رہنما صدیق الفاروق نے ریڈیو پاکستان لاہور کے نمائندے عمران حسن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو نااہل قرار دینے کی تحریک انصاف کی درخواست مسترد کر دی ہے ۔
پنجاب کے مقامی حکومتوں کے وزیرمحمد منشاء اللہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے یہ ایک اہم فیصلہ ہے ۔
خصوصی تعلیم کے صوبائی وزیر چوہدری محمد شفیق نے فیصلے کو وزیراعظم کی فتح قرار دیا ہے ۔

وزیراعظم کے بیٹوں کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اکثریتی فیصلہ عدالت کا اصل فیصلہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے تحقیقات کا فیصلہ دیا ہے جو ہماری شروع دن سے ہی استدعا تھی۔انہوں نے کہا کہ اختلافی نوٹ کی حیثیت ذاتی رائے سے زیادہ نہیں ہے ۔