صدر ، وزیراعظم ،پنجاب کے وزیراعلیٰ ،وفاقی وزراء ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہوں نے ائربیس پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔

 چینی صدرکا اسلام آباد پہنچنے پر پُرتپاک استقبال
20 اپریل 2015 (10:25)
0

چین کے صدر شی چن پنگ آج نورخان ائربیس اسلام آباد پہنچنےپرپُرتپاک استقبال کیاگیا۔معززمہمان جونہی اپنے طیارے سے باہرآئےتوانہیں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔صدر ممنون حسین، وزیراعظم محمد نواز شریف ،پنجاب کے وزیراعلی شہباز شریف ،وفاقی وزراء ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہوں نے ائربیس پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔
روایتی رنگا رنگ ملبوسات پہنے ہوئے بچوں نے چینی صدر اور خاتون اول کو گلدستے پیش کئے۔مسلح افواج کے ایک چاق وچوبند دستے نے چینی صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا،اس موقع پر دونوں ملکوں کے ترانے بجائے گئے۔


چینی صدر اور خاتو ن اول جونہی روایتی رنگا رنگ ملبوسات پہنے ہوئے بچوں کے پاس سے گزرے بچوں نے پاکستان اور چین کے پرچم لہرائے اور پاک چین دوستی کے نغمے گائے،چینی صدر اور وزیراعظم نواز شریف نے بچوں سے ہاتھ ملائے جنہوں نے معزز مہمان پر پھولوں کے پتیاں نچھاور کیں، اس موقع پر روایتی لوک رقص بھی پیش کیا گیا۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے آٹھ جے ایف 17تھنڈر طیاروں نے فلائی پاسٹ پیش کیا۔بعد میں وزیراعظم نواز شریف نے چینی صدر سے کابینہ کے ارکان اور دوسرے حکام کا تعارف کرایا۔چینی صدر نے صدر اوروزیراعظم کو اپنے وفد کے ارکان کا تعارف کرایا۔