وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان اپنے انتہائی قابل اعتماد دوست چین کے ساتھ تعلقات کومزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

 اقتصادی راہداری سے پاک چین تعاون کا نیاباب شروع ہوگا:شی چن پنگ
20 اپریل 2015 (17:45)
0

پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر اعظم نواز شریف جبکہ چینی صدر شی چن پنگ نے اپنے ملک کے وفد کی سربراہی کی۔

فریقین نے دوطرفہ تعلقات کومزید وسعت دینے کے طریقوں پر غورکیا۔ خطے اور عالمی سطح کے مسائل بھی زیر بحث کی گئی۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اپنے انتہائی قابل اعتماد دوست چین کے ساتھ تعلقات کومزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام چینی صدر کے دورے کے شدت سے منتظر تھے اور ہم اپنے عظیم دوست چین کے عظیم رہنما کوخوش آمدید کہتے ہیں۔


چینی صدر نے کہا کہ پاک چین تعلقات کا فروغ مشترکہ ورثہ ہے ' انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنا ان کے ملک کے معاشی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے دونوں ملکوں میں باہمی تعاون کا نیا باب شروع ہوگا۔ چینی صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین کا علاقائی اور عالمی امور پر یکساں موقف ہے۔

چینی صدر نے کہا کہ انہوں نے رواں سال بیرون ملک دورے کیلئے پاکستان کو پہلے ملک کے طور پر منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے یمن میں پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کو نکالنے کیلئے تعاون کیا۔ چینی صدر نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قائدانہ صلاحیتوں کوسراہا اور کہا کہ وہ سینئراور تجربہ کار سیاستدان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اقتدار میں آنے کے بعد دور رس نتائج کی حامل اصلاحات کیں جو پاکستان کیلئے بہت اہم ہیں۔ صدر شی چن پنگ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد کی بھی تعریف کی۔