Wednesday, 16 October 2019, 06:53:59 am

مزید خبریں

 
سی پیک نئی صبح کا آغازہے جو ترقی اور خوشحالی لیکر آئے گی،وزیرخارجہ
June 20, 2019

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تمام منصوبوں اور اقدامات کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے۔ جمعرات کی سہ پہر اسلام آباد میں سی پیک فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک خطہ ایک سڑک منصوبے کا ایک اہم حصہ ہے جو تجارت اور روابط کا شاندار تصور ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور بجلی کی پیداوار پر توجہ دی گئی جبکہ دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون اور سماجی واقتصادی ترقی کا فروغ ہماری ترجیحات ہیں۔وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم نے خصوصی اقتصادی زونز قائم کئے ہیں جو ہمارے مقاصد پورے کرنے میں ہمیں مدد دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان زراعت کے شعبے میں تعاون میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پاکستان کے تمام پسماندہ علاقے خاص طورسے بلوچستان کو فائدہ حاصل ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ چین کے منصوبے تجارتی اورعوامی فلاحی نوعیت پرمبنی ہیں ۔وزیر نے کہا کہ چین کے ساتھ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بھی ضرور ی ہے انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نئی صبح کا آغاز ہے جس سے ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی وجہ سے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان رابطوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دنیا کے ممالک کو اب پاکستان سمیت مشرقی ممالک سے امید وابستہ ہے انہوں نے کہاکہ خطے میں نئی شراکت داری میں اضافہ ہورہا ہے اوراس سلسلے میں پاکستان سی پی ای سی سمیت دیگر ملکوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے ۔وزیر نے کہاکہ انہوں نے برطانیہ کے حالیہ دورے کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اہم منصوبے میں برطانیہ کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گی ۔