Monday, 22 April 2019, 11:01:32 am
چین کی سٹرٹیجک برآمدات پر کنٹرول کی پالیسیوں بارے پاکستان کی پیشرفت کی تحسین
March 20, 2019

چین کی وزارت تجارت کے ایک وفد نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن کا دورہ کیا۔دونوں ملکوں کے سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول کے ماہرین نے ایک دوسرے سے اپنے اپنے خیالات اور بہترین تجربات کا تبادلہ کیا۔انہوں نے ایک دوسرے کو متعلقہ سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول سسٹم میں تازہ پیشرفت ، اداروں کے درمیان اشتراک عمل کے طریقہ کار ، اشیاء کے دہرے استعمال کے لائسنسوں کے اجراء کے عمل اور عملدرآمد کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے بارے میں بتایا۔چین کے وفد نے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول پالیسیوں کو ہم آہنگ بنانے اور بین الاقوامی معیارت پرعمل کو سراہا۔اس طرح کے رابطے بہترین تجربات سے استفادہ کرنے کیلئے عالمی برادری کے ساتھ بات چیت کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہیں۔جوہری عدم پھیلائو کیلئے پاکستان کے اقدامات اور اس کی برآمد کی روک تھام کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات کا عالمی برادری نے اعتراف کیا ہے۔فریقین نے یہ عمل مستقبل میں بھی جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔