Sunday, 25 August 2019, 10:23:26 am
وزیراعظم کا افغانستان میں سیاسی تصفیے کیلئےتمام فریقوں کیساتھ ملکرکام کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ
January 20, 2019

وزیراعظم نے افغانستان میں سیاسی تصفیے کیلئے امریکہ اور دیگر علاقائی ملکوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے اتوار کے روز اسلام آباد میںامریکہ کے سینئر ری پبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم سے گفتگو کرتے ہوئے علاقائی تعاون کے امکانات کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ان کی اقتصادی ٹیم ممکنہ سرمایہ کاروں کیلئے تاجر دوست پالیسیاں تیار کررہی ہے جن سے امریکی کمپنیاں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔سینیٹر گراہم نے افغانستان کے سیاسی تصفیے کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔انہوں نے تنازعہ افغانستان کے سیاسی حل کیلئے وزیراعظم کے وژن کو سراہا۔سینیٹر نے معیشت کی بہتری، بدعنوانی کے خاتمے اور پاکستان کے عوام کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے عمران خان کے وژن کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی کوششیں قابل قدر ہیں۔پاکستان اور امریکہ کے درمیان تاریخی روابط کے تناظر میں دونوں فریقوں نے خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔