بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی معاون سید ذوالفقار عباس بخاری نے بیرون ملک غیر ملکی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی حالت زار کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حکومت کی جانب سے ان کی ترجیحی بنیادوں پر رہائی کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ان کی جلد رہائی کیلئے تمام دستیاب وسائل اور ذرائع استعمال کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت جیلوں میں قید ان پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی غرض سے دوبئی، قطر اور سعودی عرب میں حکام سے پہلے ہی رابطے میں ہے جو معمولی جرائم کے ارتکاب اور مختلف مسائل کی وجہ سے اپنے گھروں کو واپس نہیں جاسکے۔سید ذوالفقار عباس بخاری نے بحرین کی جانب سے بارہ پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے حالیہ فیصلے کا خیر مقدم کیا۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے بارے میں سینیٹ کے ادارے نے حال ہی میں وزارت سے مختلف ملکوں کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کیلئے انتظامات کی مکمل تفصیل طلب کی ہے۔اس سے پہلے لاہور ہائی کورٹ میں وزارت داخلہ کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ غیر ملکی جیلوں میں گیارہ ہزار آٹھ سو سے زائد پاکستانی قید ہیں۔