وزارت خزانہ کے ترجمان اور مشیر ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران اقتصادی اشاریوں اور اعدادوشمار میں بہتری نظر آرہی ہے اور حکومت درست سمت میں گامزن ہے۔
اے پی پی سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے چھ ماہ کے دوران ترسیلات زر میں دس فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ دسمبر 2018میں دسمبر 2017کے مقابلے میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں سترہ فیصد اضافہ ہوا۔ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ میں برآمدات میں دو فیصد اضافے سے تجارتی خسارے میں پانچ فیصد کمی آئی جبکہ درآمدات میں دوفیصد کمی آئی ہے۔وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ان تھک کوششوں کے نتیجے میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں پہلے چھ ماہ میں کرنٹ اکائونٹ خسارے میں چار اعشاریہ چار فیصد کمی ہوئی۔