وزیراعظم نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے لئے مجموعی ملکی پیداوار کی شرح نمو پانچ اعشاریہ دو آٹھ فیصد خوش آئند ہے۔

19 مئی 2017 (15:15)
0

قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری دی ہے یہ منظوری آج اسلام آباد میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے زیر صدارت اجلاس میں دی گئی۔قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اقتصادی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور مالیاتی درجہ بندی کے عالمی اداروں نے بھی اس کا اعتراف کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے لئے مجموعی ملکی پیداوار کی شرح نمو پانچ اعشاریہ دو آٹھ فیصد خوش آئند ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اب دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی معیشتوں میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملک کی ترقی کے لئے ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی کو سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہئیے کیونکہ یہ ہر پاکستانی کے لئے خوشحالی کا باعث ہے۔وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں کو تیز تر بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہ صرف بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے بلکہ وہ صارفین کو سستی بجلی بھی فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے مختلف ذرائع پر توجہ دے رہی ہے جن میں ایل این جی ، کوئلہ ، پانی ، شمسی اور ہوا سے بجلی پید کرنا شامل ہے۔بنیادی ڈھانچے کو ترقی کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت شاہراہوں اور مواصلاتی نیٹ ورک پر توجہ دے رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی منصوبہ بندی کیلئے عوامی بہبود پر مبنی سوچ اختیار کی ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر ، خیبرپختونخواء کے گورنر ، پنجاب ، سندھ ، خیبرپختونخواء ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ اورمتعلقہ وفاقی اور صوبائی وزراء نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔