ترجمان نے کہا اقتصادی راہداری ترقی اور رابطوں کا منصوبہ ہے جس کا مقصد پورے خطے کی فلاح وبہبود ہے ۔

اقتصادی راہداری کی کامیاب تکمیل کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں:دفتر خارجہ
19 مئی 2016 (22:15)
0

پاکستان نے کہا ہے کہ اس نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو کامیابی سے مکمل کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔

یہ بات دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہی ۔
انہوں نے کہا اقتصادی راہداری ترقی اور رابطوں کا منصوبہ ہے جس کا مقصد پورے خطے کی فلاح وبہبود ہے ۔
ترجمان نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو معمول پرلانے کیلئے مخلصانہ کوششوں، نیک نیتی اور باہمی عزم کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے پہلے ہی آگاہ کردیا ہے کہ مذاکراتی عمل کایہ مطلب نہیں کہ کوئی ایک فریق اس سے رعایت حاصل کرے ۔
ایک سوال کے جواب میںترجمان نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کی طرف سے میزائل شکن میزائل کے تجربے پر سخت تشویش ہے او ر وہ اپنی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کیلئے تمام اقدامات کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی تجربے سے خطے میں طاقت کا توازن خراب ہوگیا ہے اور پاکستان نے اس بارے میں عالمی برادری کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی دفاعی ضروریات سے غافل نہیں ہے اور ہمیں اپنی دفاعی استعداد کار میں اضافے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک موثر دفاعی نظام بر قرار رکھنے کا حق رکھتا ہے اور وہ اپنی سرحدوں اور عوام کے دفاع کے لئے تیار ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تمام عسکریت پسند گروپوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جارہی ہے اور چار فریقی رابطہ گروپ نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چار افریقی رابطہ گروپ تمام افغان گروپوں کو مذکرات کی میز پر لانے کی کوشش کر رہا ہے۔