نوازشریف نے کہا کہ پاکستان چین آپٹیکل فائبر کیبل منصوبے سے نوجوانوںکیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

ملک کو مسائل سے نکالنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی :وزیراعظم
19 مئی 2016 (21:15)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے ملک پائیدار ترقی کی راہ پرگامزن ہوجائے گا۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز گلگت میں پاکستان چین آپٹیکل فائبر کیبل منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس بڑے منصوبے سے عوام کو معاشی فوائد حاصل ہونگے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیداہونے سے انتہاپسندی کے مسئلے پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔
نواز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک کو تما م مسائل سے نجات دلانے کا تہیہ کررکھا ہے اور اس نے اس سلسلے میں نمایاں کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان چین آپٹیکل فائبر کیبل منصوبے سے گلگت بلتستان میں تھری جی اور فورجی کی سہولت میسر آئے گی انہوں نے کہا کہ آپٹیکل فائبر جیسے منصوبوں کے آغاز سے گلگت بلتستان جلد ایک انتہائی ترقی یافتہ علاقہ بن جائے گا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو پاکستان چین آپٹیکل فائبر کیبل منصوبے کو گوادر اور ملک کے دوسرے حصوں تک توسیع دینے کی ہدایت کی۔
انہوںنے علاقے کے نوجوانوں کو جدید فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے گلگت میں ایک فنی تربیت کا ادارہ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔
اس سے پہلے وزیراعظم نے گلگت میں گلگت بلتستان سی پیک پٹرولنگ پولیس کا افتتاح کیا۔
تین سو اہلکاروں پر مشتمل پولیس گلگت بلتستان میں راہداری منصوبے کے 439 کلو میٹر طویل حصے پر ٹریفک کی محفوظ اور بلا تعطل روانی یقینی بنانے میں مدد دے گی۔
چین نے پٹرولنگ پولیس کے لئے 25 گاڑیوں کا تحفہ دیا ہے۔
بعد میں گلگت بلتستان کونسل کے نئے منتخب ارکان سے حلف لینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے دیامر بھاشا ڈیم پر تعمیراتی کام جلد شروع کیا جائے گا۔
انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت نے ڈیم کیلئے اراضی حاصل کرنے کی غرض سے ایک سو پانچ ارب روپے کی منظوری دی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ داسو ڈیم پر بھی کام جلد شروع کیا جائے گاانہوںنے کہا کہ عطا آباد جھیل پر بھی پن بجلی کا منصوبہ شروع کیا جائے گا جس سے ستائیس میگاواٹ بجلی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔