نوازشریف کا پاکستان اور روس کے درمیان تمام شعبوں میں مضبوط اشتراک عمل قائم کرنے کے عزم کا اعادہ۔

 پاکستان پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،وزیراعظم
19 مارچ 2017 (18:27)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تمام مسائل کا مذاکرات کے ذریعے پرامن تصفیے کا خواہشمند ہے۔

انہوں نے یہ بات اتوار کے روز اسلام آباد میں جمہوریہ تاتارستان کے صدر رستم منی خانوف سے ملاقات میں کہی۔
وزیراعظم نے خطے میں امن واستحکام کے فروغ کیلئے پاکستان اور روس کے درمیان تمام شعبوں میں مضبوط اشتراک عمل قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے دیرینہ باہمی تعلقات اس بات کے واضح عکاس ہیں کہ وہ دوطرفہ تعاون میں اضافے کے امکانات تلاش کرنے کی مشترکہ خواہش رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روس کے ساتھ دیرینہ اشتراک عمل اور تاتارستان سمیت خطے کے مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات میں باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں نمایاں پیشرفت ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بنکاری، حلال خوراک، سیمنٹ کی پیداوار، گاڑیوں کی صنعت، دواسازی ٹیکنالوجی ، ثقافت اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
تاتارستان کے صدر نے پاکستان میں اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔


comments powered by Disqus