file photo

چین کی دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کواقتصادی راہداری کا حصہ بنانے کی پیشکش
19 جون 2017 (19:15)
0

چین نے دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کا حصہ بنانے کی پیشکش کی ہے ۔ یہ بات پیر کے روز اسلام آباد میں منصوبہ بندی ترقی اوراصلاحات کے بارے میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کو بتائی گئی ۔

واپڈا کے چیئرمین مزمل حسین نے کمیٹی کو بتایا کہ یہ منصوبہ کافی عرصے سے زیر التوا ہے کیونکہ ایشیائی ترقیاتی بنک نے اس کے مقام پر اعتراض کرتے ہوئے فنڈز دینے سے انکارکردیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پن بجلی کا کوئی بڑا منصوبہ اقتصادی راہداری میں شامل نہیں ہے اس لیے پاکستان اور چین کی حکومتیں اس منصوبے کو اقتصادی راہداری میں شامل کرنے کیلئے سنجیدگی سے غور کررہی ہیں ۔
چیئرمین واپڈا نے کہاکہ نیلم جہلم اور تربیلا توسیعی منصوبے سمیت دوسرے پن بجلی منصوبے اگلے سال مئی میں مکمل ہوںگے جن سے 2500 میگاواٹ اضافی بجلی پیداہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ داسو منصوبے پر کام اگلے مہینے شروع ہوگا جو 2022 میں مکمل ہوگا۔